پاکستان میں کرونا وائرس کے پہلے مریض کے انتقال کے بعد کل کیسز میں مزید اضافہ ہوگیا..

سندھ میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 208 تک جا پہنچی، ملک بھر میں کل کیسز کی تعداد 297 ہوگئی


کراچی  پاکستان میں کرونا وائرس کے پہلے مریض کے انتقال کے بعد کل کیسز میں مزید اضافہ ہوگیا، سندھ میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 208 تک جا پہنچی، ملک بھر میں کل کیسز کی تعداد 297 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس سے متثارہ افراد کے مزید کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔
بدھ کے روز صوبے میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 208 ہوگئی ہے۔ متاثرہ افراد کی اکثریت وہ ہے جو حال ہی میں ایران سے آئے تھے۔ یوں ملک بھر سے رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس مریضوں کی تعداد 297 تک جا پہنچی ہے۔ سندھ میں رپورٹ ہونے والے تمام کرونا وائرس مریضوں کو قرنطینہ میں شفٹ کر دیا گیا ہے اور ان کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔
سندھ کے علاوہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 33 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، گلگت بلتستان میں 13، آزاد کشمیر میں 1 ، اسلام آباد میں 7، خیبرپختونخواہ میں 19 اور بلوچستان میں 16 کیسز رپورٹ ہو چکے۔

جبکہ پاکستان میں کرونا وائرس کے پہلے مریض کی موت واقع ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ گلگت بلتستان میں زیر علاج 90 سالہ شخص انتقال کر گیا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انتقال کر جانے والا شخص قرنطینہ میں تھا اور اس کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ اس تمام صورتحال میں سندھ حکومت نے صوبے کو محدود حد تک لاک ڈاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبے میں شاپنگ مالز، ہوٹلز، سیاحتی مقامات، دفاتر اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ سروس بند کروانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جبکہ وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک کو لاک ڈاون نہیں کیا جائے گا۔ تاہم ملک کے تعلیمی ادارے بند کیے جا چکے اور صوبہ پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کی جا چکی۔

Comments